قران مقدس اور حديث مقدس

صحیح بخاری وہ عظیم الشان کتاب ہے،جس کی صحت پر تمام اہل علم کا اتفاق ہے،اور اسے اصح الکتب بعد کتاب اللہ کا درجہ حاصل ہے۔امام بخاری نے یہ کتاب محدثین کی ایک جماعت کے سامنے تیار کی ،اور محدثین نے اسے سند صحت سے نوازا۔حافظ ابن حجر ،حافظ ابو نصر السجزی ،امام ابو عبد اللہ الحمیدی ،حافظ ابو بکر الجوزقی  ،امام الحرمین الجوینی اور حافظ العلائی   نے صحیحین کی صحت پر اجماع کا دعوی کیا ہے۔لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ دشمنان اسلام کی سازشوں اور اعدائے دین کی چالوں سے بے خبر بعض نام نہاد ملا کتب حدیث کی صحت پر نقب لگانے اور انہیں عامۃ الناس کی نظر میں مشکوک بنانے کی ناکام کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ اسلام کے دشمن ان آلہ کاروں میں سے ایک   نام نہادعلامہ احمد سعید کا ہے ،جس نے بخاری شریف پر طعن کرتے ہوئے اور اس کی متفق علیہ صحت کو مشکوک بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے”قرآن مقدس اور بخاری محدث”نامی کتاب لکھ ڈالی،جس میں اس نے حدیث دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے صحیح احادیث پر طعن کے ساتھ ساتھ محدثین کرام پر بھی ایسے زہریلے وار کئے ہیں ،جو کسی بھی مسلمان کے لئے ناقابل برداشت ہیں۔چنانچہ خادم حدیث مولانا محمد حسین میمن میدان میں آئے اور اپنی اس کتاب میں علامہ احمد سعید کی لکھی گئی اس حدیث دشمنی پر مبنی کتاب کا مسکت،مدلل اور بھرپور جواب دیکر اللہ کی بارگاہ میں سرخرو ہو گئے۔اللہ تعالی مولف کی حدیث کے ساتھ اس محبت کو قبول فرمائے۔آمین

Download

About thefinalrevelation
Leave a reply